ذیابیطس میں آنکھ کی اسکریننگ کے لیے آپ کا رہنما کتابچہ (Urdu)
اپ ڈیٹ کردہ 3 مارچ 2025
Applies to England
آپ انتخاب کر سکتے ہیں کہ آیا آپ ذیابیطس میں آنکھوں کی اسکریننگ میں حصہ لیتے ہیں یا نہیں۔ اس کتابچے کا مقصد فیصلہ کرنے میں آپ کی مدد کرنا ہے۔
NHS ذیابیطس میں آنکھوں کی اسکریننگ کیوں پیش کرتا ہے
ذیابیطس میں آنکھوں کی اسکریننگ آپ کی ذیابیطسی نگہداشت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہم اسکریننگ پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ بصارت کھونے سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
اگر آپ کو ذیابیطس ہو، تو آپ کی آنکھیں ذیابیطسی ریٹینوپیتھینامی ایک عارضے سے نقصان کی زد میں ہوتی ہیں۔ اس سے پہلے کہ آپ اپنی بصارت میں کوئی تبدیلیاں محسوس کریں، اسکریننگ سے ریٹینوپیتھی کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔
ذیابیطس میں آنکھوں کی اسکریننگ ماہرِ امراضِ چشم کے پاس آپ کی آنکھوں کے نارمل معائنوں کا حصہ نہیں ہوتی۔ اس اسکریننگ میں آنکھوں کے دیگر عوارض پر غور نہیں کیا جاتا۔ آپ کو اپنی آنکھوں کے باقاعدگی سے معائنوں کے لیے اپنے ماہرِ امراضِ چشم کے پاس بھی جاتے رہنا چاہیے۔

ڈیجیٹل فوٹوگرافی کے ذریعے ذیابیطس والی آنکھوں کی اسکریننگ
ذیابیطسی ریٹینوپیتھی
ذیابیطسی ریٹینوپیتھی اُس وقت واقع ہوتی ہے جب ہائی بلڈ شوگر کی سطحیں آنکھوں کی پشت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس سے ریٹینا میں رگوں سے خون رِس سکتا ہے یا رگیں بلاک ہوسکتی ہیں۔
غیر علاج کردہ ذیابیطسی ریٹینوپیتھی بصارت سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے۔ جب ابتداء ہی میں اس کا پتہ لگا لیا جائے، تو علاج آپ کی بصارت کو پہنچنے والا نقصان کم کر سکتا یا روک سکتا ہے۔
آپ ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ کیسے کرتے ہیں

اسکریننگ ٹیسٹ سے پہلے آنکھوں کے قطرے ڈالے جا رہے ہیں
- ہم آپ کو چارٹ پر کچھ حروف پڑھنے کو کہیں گے۔
- ہم آپ کی آنکھوں میں قطرے ڈالیں گے۔ ان سے چند سیکنڈز تک چبھن محسوس ہوگی اور آپ کی بینائی دھندلی ہو سکتی ہے۔
- جب قطرے کام کرنا شروع کریں گے، تو ہم آپ کو ایک کیمرے میں دیکھنے کو کہیں گے۔ کیمرہ آپ کی آنکھوں کو نہیں چھوئے گا۔
- ہم آپ کی آنکھوں کے عقبی حصوں کی تصاویر لیں گے۔ ایک تیز روشنی کا جھپاکا ہوگا۔
آپ کے اپائنٹمنٹ میں عام طور پر تقریباً 30 منٹ لگیں گے۔
ہم آپ کو ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ کے لیے کب بلاتے ہیں
ہم 12 سال یا اس سے زائد عمر کے ہر اُس فرد کو آنکھوں کی اسکریننگ کے لیے مدعو کرتے ہیں جسے ذیابیطس ہو۔
ہم آپ کو اسکریننگ کے لیے کتنی مرتبہ بلاتے ہیں، اس کا انحصار آپ کے گزشتہ 2 اسکریننگ اپائنٹمنٹس کے نتائج پر ہوگا۔ اگر ہمیں ذیابیطسی ریٹینوپیتھی کا سراغ نہ ملے، تو ہم آپ کو ہر 1 یا 2 سال میں اسکریننگ کے لیے بلائیں گے۔
ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ کے ممکنہ خطرات
کوئی اسکریننگ ٹیسٹ 100% قابل اعتماد نہیں ہے۔
آنکھوں کے قطرے چند سیکنڈز تک چبھن پیدا کر سکتے ہیں، مگر اسکریننگ کا عمل درد انگیز نہیں ہوتا اور ایکوئپمنٹ آپ کی آنکھوں کو نہیں چھوئے گا۔
ٹیسٹ کے بعد 6 گھنٹوں تک:
- آپ کی بینائی دھندلی ہو سکتی ہے - جب تک یہ نارمل نہ ہو ڈرائیو نہ کریں
- ہر چیز بہت چمکدار دکھائی دے سکتی ہے - دھوپ کی عینک پہننا معاون ہو سکتا ہے۔
ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ کے نتائج
آپ کی اسکریننگ کے بعد ایک طبی ماہر آپ کی آنکھوں کی تصاویر کا جائزہ لیتا ہے۔
ہم آپ کے نتائج کا مراسلہ آپ اور آپ کے GP کو 3 ہفتوں کے اندر اندر بھیجنے کا عزم رکھتے ہیں۔
اگر ہمیں کوئی واضح نتیجہ نہ ملا، تو ہم آپ کو ایک اور تجزیے کے لیے کال کر سکتے ہیں۔
آپ کی آنکھوں کے عقبی حصے میں ذیابیطسی تبدیلیوں کے لیے نتیجے کی 3 اقسام ہیں:
- کوئی تبدیلیاں نہیں – اسے ذیابیطسی ریٹینوتھراپی کی عدم موجودگی کہتے ہیں
- آپ کی آنکھوں میں ہونے والی کچھ تبدیلیاں – اسے پس منظر ریٹینوتھراپی (اسٹیج 1) کہتے ہیں
- آنکھوں میں نقص جو آپ کی بصارت کو متاثر کر سکتا ہے – اسے علاج کی متقاضی ریٹینوتھراپی (referrable retinopathy) کہتے ہیں۔ آپ کو یا تو پری-پرولیفیریٹیو ریٹینوپیتھی (اسٹیج 2) یا پھر پرولیفیریٹیو ریٹینوپیتھی (اسٹیج 3) ہو سکتی ہے۔ آپ کے نتائج کا مراسلہ اس کی وضاحت مزید تفصیل سے کرے گا۔
آپ کے نتائج کے لحاظ سے، آپ کو ایک فالو اپ اپائنٹمنٹ کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ اس کا مقصد یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا آپ کو علاج کی ضرورت ہے یا زیادہ تسلسل سے معائنوں کی۔ ہم ایک مختلف قسم کے کیمرے کا استعمال کرتے ہوئے آپ کی آنکھوں کا ایک زیادہ تفصیلی معائنہ عمل میں لا سکتے ہیں۔ اسے بعض اوقات بصارتی ہم آہنگ ٹوموگرافی (آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی) (یعنی OCT اسکین) کہتے ہیں۔
دن کے لیے عملی تجاویز اور مشورے
اپنے پہنے جانے والے تمام چشمے اور کونٹیکٹ لینسز ساتھ لائیں، اس کے علاوہ کونٹیکٹ لینسز کا محلول بھی ہمراہ لے کر آئیں۔
دھوپ کی عینک ساتھ لائیں کیونکہ آنکھوں میں قطرے ڈالے جانے کے بعد آپ کی آنکھیں حساسیت محسوس کرسکتی ہیں۔
آپ چاہیں تو اپائنٹمنٹ میں کسی کو اپنے ہمراہ لا سکتے ہیں۔ آپ کو اس وقت تک گاڑی نہیں چلانی چاہیے جب تک کہ آپ کی بینائی معمول پر نہ آجائے، جس میں 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
خود کو لاحق خطرہ کیسے کم کیا جائے
اگر آپ درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں تو خطرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں:
- جتنا ممکن ہو اپنی ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھیں
- اپنا بلڈ پریشر چیک کروانے کے لیے اپنے ڈاکٹر کے پاس باقاعدگی سے جائیں
- ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ کے اپنے تمام اپائنٹمنٹس میں ضرور آئیں
- اگر آپ اپنی بصارت میں کوئی تبدیلیاں محسوس کریں، تو مشورہ طلب کریں
- اپنی تجویز کردہ ذیابیطس کی ادویہ لیں
- طبی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے باقاعدگی سے ورزش کریں۔
مزید معلومات اور تعاون
یہ تفصیلات جاننے کے لیے اپنا اسکریننگ کا دعوت نامہ دیکھیں کہ اب آپ کو کیا کرنا ہے۔
آپ:
- NHS.UK پر ذیابیطسی آنکھوں کی اسکریننگ پر مزید معلومات پڑھیں
- اگر آپ کو باقاعدگی سے نگرانی یا علاج کی ضرورت ہو تو ہمارا ذیابیطسی ریٹینوپیتھی پر کتابچہ پڑھیں
- Diabetes UK میں ذیابیطسی ریٹینوپیتھی اور دستیاب معاونت پر مزید تفصیلات دیکھیں۔
یہ معلومات متبادل فارمیٹس میں دستیاب ہیں، بشمول آسان مطالعہ اور دیگر زبانیں۔ دوسرے فارمیٹ کی درخواست کرنے کے لیے، آپ 33 22 311 0300 پر فون کر سکتے ہیں یا england.contactus@nhs.net پر ای میل کر سکتے ہیں۔
ہم آپ کو صحیح وقت پر اسکریننگ کے لیے مدعو کرنے کے لیے آپ کے NHS ریکارڈز سے ذاتی معلومات استعمال کرتے ہیں۔ یہ معلومات اسکریننگ پروگراموں کو بہتر بنانے اور معیاری دیکھ بھال فراہم کرنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ پڑھیں اس بارے میں مزید تفصیل کہ ہم آپ کی معلومات کو کس طرح استعمال اور محفوظ رکھتے ہیں۔
معلوم کریں کہ اسکریننگ سے دستبردار ہونے کا طریقہ کیا ہے ۔